کراچی: (روزنامہ دنیا) سابق قومی لیگ اسپنر دانش کنیریا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث اس وقت کرکٹ سرگرمیاں معطل ہیں تاہم یہ سلسلہ بحال ہونا چاہئے اورابتدائی مرحلے میں ٹیسٹ کرکٹ کے بجائے فرنچائز اور لیگز زیادہ بہتر رہیں گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق دانش کنیریا کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ میچ پانچ روزہ ہوتا ہے جبکہ ایک دن میں دو ٹی ٹوئنٹی بھی کرائے جا سکتے ہیں۔ مقابلوں کے انعقاد میں کھلاڑیوں، آفیشلز، کمنٹیٹرز کی صحت، براڈکاسٹنگ اور ریونیو کے معاملات کو بھی مد نظر رکھنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ باصلاحیت بالر ہیں تاہم ان کا کیریئر ابھی شروع ہوا ہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی ہر کنڈیشن میں ٹیسٹ کرکٹ سمیت تینوں فارمیٹس میں خود کو ثابت کر چکے ہیں۔ ان کا قد بھی بالنگ میں انہیں کافی مدد فراہم کرتا ہے لہٰذا اُن کا مستقبل تابناک ہے۔
دانش کنیریا کے مطابق محمد حسنین نے ٹی ٹوئنٹی میں ملک کی نمائندگی کی تاہم ان کی کارکردگی میں تسلسل نہیں۔ محمد حسنین اور نسیم شاہ کو مسلسل انجریز کا بھی سامنا ہے جو کہ اچھی بات نہیں لہٰذا کیریئر کو طوالت دینے کیلئے انہیں اس جانب دھیان دینا ہوگا۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بابر اعظم، اظہر علی اور شان مسعود اچھے کھیل کا مظاہرہ کررہے ہیں تاہم اگر کسی ایک کھلاڑی کی بات کی جائے تو بابر اعظم سب سے نمایاں ہیں جنہوں نے گراؤنڈ میں اپنی کارکردگی سے خود کو ثابت کیا۔ اسد شفیق 60 سے زائد ٹیسٹ کھیل چکے تاہم ان کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ وہ زیادہ متاثر نہیں کر سکے۔