لاہور: (روزنامہ دنیا) پاکستان میں فائن آرٹس کو متعارف کرانے والی آرٹسٹ پروفیسر اینا مولکا احمد کو گوگل نے ڈوڈل کا حصہ بنا کر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اینا مولکا احمد 13 اگست 1917 کو لندن میں پیدا ہوئیں اور 1935 میں 18 سال کی عمر میں اسلام قبول کر لیا۔ ان کی شادی پاکستانی شہری شیخ احمد سے 1939 میں ہوئی۔ لندن کے سینٹ مارٹن سکول آف آرٹس کی طالبہ اینا نے رائل اکیڈمی آف آرٹ سے سکالرشپ حاصل کی، وہ 1940میں لاہور شفٹ ہو گئیں اور 1951 میں شیخ احمد سے طلاق لینے کے بعد اکیلی رہنے لگی ،ان کی 2 بیٹیاں طاہرہ ایاز اور زارا ڈیوڈ ہیں۔
انہوں نے 1947 میں پنجاب یونیورسٹی میں شعبہ فائن آرٹس کی بنیاد رکھی اور 1978 تک وہ اس شعبے کی سربراہ رہیں، ان کی بنائی ہوئی کئی شاہکار پینٹنگز اس وقت لاہور میوزیم میں موجود ہیں۔ اینا مولکا احمد کوان کی خدمات کی وجہ سے 1963 میں تمغہ امتیاز اور 1979 میں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ وہ 24 اپریل 1994 کو وفات پا گئی تھیں۔