شعیب اختر نے ایف آئی اے طلبی کے نوٹس کو چیلنج کر دیا

Last Updated On 05 June,2020 06:41 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) طلبی کے نوٹس کو چیلنج کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے قانونی مشیر تفضل رضوی اور سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر کے درمیان جنگ ایف آئی اے سائبر کرائم تک پہنچ گئی ہے۔ ایف آئی اے نے راولپنڈی ایکسپریس کو طلب کیا تھا۔

تاہم اب خبریں آئی ہیں کہ شعیب اختر نے ایف آئی اے کے طلبی کے نوٹس کو چیلنج کردیا، شعیب اختر نے طلبی کے نوٹس کے خلاف ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) واجد ضیاء کو اپیل کردی۔ شعیب اختر نے اپنے وکیل ابوذر سلمان خان نیازی کی وساطت سے اپیل دائر کی۔

وکیل شعیب اختر ابو ذر سلمان نیازی کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کا شعیب اختر کو طلب کرنے کا نوٹس غیر قانونی ہے، ایف آئی اے نے طلب کرنے سے قبل قواعد و ضوابط پورے نہیں کیے، شعیب اختر ایف آئی اے کے نوٹس میں طلب کرنے کی وجوہات نہیں بتائی گئیں۔

وکیل کا مزید کہنا تھا کہ شعیب اختر قومی کھلاڑی اور ملک کے لیے بہترین فرائض سر انجام دئیے، انکوائری افسر نے شعیب اختر کا نوٹس جان بوجھ کر پبلک کیا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاس طلبی کا نوٹس کالعدم قرار دیں، ڈی جی ایف آئی اپیل کے حتمی فیصلہ تک انکوائری روکنے کا حکم دیں۔