لاہور: (ویب ڈیسک) دورہ انگلینڈ سے قبل قومی ٹیم کے کھلاڑی قرنطینہ کے دوران سنوکر، ٹیبل ٹینس، ویڈیو گیمز اور دیگر کھیلوں سے محظوظ ہونے لگے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم نے دورہ انگلینڈ کے دوران تین ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کھیلنا ہیں جس کے لیے قومی ٹیم کا 20 رُکنی دستہ ، 11 رُکنی ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ انگلینڈ پہنچ گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر تصاویر جاری کیں، ان تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کھلاڑی اپنے کوچ کے ساتھ ٹیبل ٹینس کھیلنے میں مصروف ہیں۔
ٹویٹر پر جاری کردہ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سینئر ٹیسٹ پلیئر اسد شفیق اور قومی ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم سپنر کوچ مشتاق احمد کے ساتھ ٹیبل ٹینس کھیل رہے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فاسٹ باؤلر محمدموسیٰ فراغت کے لمحات میں سنوکر کھیل کر محظوظ ہو رہے ہیں۔
ایک اور تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ قومی ٹیسٹ ٹیم کے اوپنر شان مسعود کمرے میں موجود ہیں اور ویڈیو گیمز سے محظوظ ہو رہے ہیں۔
دوسری طرف قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کی انگلینڈ میں کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کا عمل مکمل کرلیا گیا، سکواڈ میں شامل 20 کھلاڑیوں اور 12 ٹیم آفیشلز کے ٹیسٹ ای سی بی کے میڈیکل پینل نے لیے۔
قومی ٹیم انگلش کھلاڑیوں سے سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ پہنچ چکی ہے، ہوٹل میں آرام کے بعد کرکٹرز اور آفیشلز کے کروناٹیسٹ لے گئے، پاکستان سے برطانیہ روانہ ہونے والے اسکواڈ کے علاوہ باؤلنگ کوچ وقار یونس کی بھی ٹیسٹنگ کی گئی۔
ممکنہ طور پر کرونارپورٹس جلد آجائیں گی، سکواڈ اور آفیشلز کے مرحلہ وار کروناٹیسٹنک کا عمل دورہ انگلینڈ مکمل ہونے تک جاری رہے گا۔ خیال رہے گزشتہ رات گرین شرٹس مانچسٹر پہنچی تھیں جس کے بعد اب وہ ووسٹر میں قیام پذیر ہیں۔
ٹیم 14دن تک ووسٹر کرکٹ سٹیڈیم سے ملحقہ ہوٹل میں قرنطینہ میں رہے گی، قومی کرکٹ ٹیم 13جولائی سے پریکٹس شروع کرے گی، ممکنہ طور پر تمام کھلاڑیوں کا ہر 4 سے 6 دن بعد کروناٹیسٹ لیا جاتا رہے گا۔