’چور گھر میں پھنس گیا، مدد کیلئے پولیس کو بلا لیا‘

Last Updated On 24 June,2020 07:57 pm

لندن: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کچھ ایسی خبریں پڑھنے کو ملتی ہیں جو سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیتی ہیں، اسی طرح کی ایک خبر برطانیہ سے آئی ہے جہاں پر ایک چور کو اس وقت پولیس سے مدد مانگنا پڑ گئی جب وہ چوری کی واردات کے بعد فرارکے دوران گھر کی کھڑکی میں پھنس گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ جنوب مغربی انگلینڈ میں سوینڈن کے مقام پر پیش آیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 53 سالہ چور فریڈرک مولٹن نے حکام سے رابطہ کیا اور بتایا کہ وہ ایک گھر کی کھڑکی میں پھنسا ہوا ہے۔ اسے وہاں سے نکالنے میں مدد کی جائے۔

پولیس کے مطابق چور نے پولیس سے اس وقت رابطہ کیا جب چوری سے فرار کے دوران کھڑکی میں پھنس گیا۔ اس کا ایک پاؤں کھڑکی میں پھنس گیا جس کے بعد وہ الٹا لٹک گیا اس نے پولیس سے 999 ایمرجنسی نمبر پرکال کرکے مدد مانگی۔

خبر رساں ادارے کے مطابق چور تک پولیس سے قبل فائر بریگیڈ کا عملہ پہنچا۔ ملزم کو کھڑکی سے نکالنے کے بعد اس کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے۔