لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاوید مرتضیٰ کو نیا چیف فنانشل آفیسر مقرر کردیا گیا ہے۔ لاہور سے تعلق رکھنے والے جاوید مرتضیٰ کی تقرری، تعیناتی کے ایک مربوط عمل سے گزرنے کے بعد کی گئی ہے۔ بی اوجی نے ان کی تعیناتی کی منظوری جمعرات کو ایک سرکلرقرارداد کے ذریعے دی۔ وہ 3 اگست بروز پیر سے اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔
30 سالہ ملازمت کا تجربہ رکھنے والے جاوید مرتضیٰ ایک معروف فنانس پروفیشنل ہیں،جن کے پاس کمرشل آپریشنز، فنانشل پلاننگ اینڈ اینالسز، کارپوریٹ فنانس، فنانشل اینڈ مینیجریل اکاؤنٹنٹگ، انٹرنل اور ایکسٹرنل آڈٹس، بین الاقوامی ٹیکسیشن اور ای آر پی امپلیمنٹیشن کا وسیع تجربہ موجود ہے۔
جاوید مرتضیٰ پاکستان، انگلینڈ اینڈ ویلز میں انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کے رکن اور ورجنینیا اسٹیٹ بورڈ آف اکاؤنٹنٹسی امریکہ کے سرٹیفائیڈ پبلک اکاؤنٹنٹ بھی ہیں۔
انہوں نے امریکہ سے بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کررکھی ہے۔ ٹورنٹو اور سنگاپور میں کے پی ایم جی کے لیے جبکہ لندن میں ایرنسٹ اینڈ ینگ کے لیے خدمات ادا کرچکے ہیں۔
ان کی آخری ملازمت پاکستان میں کام کرنے والی ملٹی نیشنل کمپنی کے فنانشل پلاننگ اینڈ اینالسز کے سربراہ کی حیثیت سے تھی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کہا کہ وہ جاوید مرتضیٰ کو پی سی بی فیملی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاوید مرتضیٰ اپنے ہمراہ جو تجربہ لارہے ہیں اس سے ادارے کے معاشی معاملات، شفافیت اور گورننس کے نظام میں بہتری آئے گی۔