لاہور: (دنیا نیوز) انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے قومی ٹیم کے 16 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا، حیران کن طور پہلے ٹیسٹ سے وہاب ریاض کو باہر کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کیخلاف سیریز کا پہلا ٹیسٹ بدھ کو کھیلنا ہے، جس کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ٹیم میں 16 کھلاڑی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ قیادت کا تاج اظہر علی کے پاس ہے۔
ٹیم میں تین اوپنرز کو شامل کیا گیا ہے، اوپنرز میں عابد علی، امام الحق اور شان مسعود شامل ہیں۔ قوی امکان ہے کہ پہلے ٹیسٹ میں امام الحق کی جگہ عابد علی کو کھلایا جائے۔ ون ڈاؤن کی پوزیشن کپتان اظہر علی سنبھالیں گے۔
مڈل آرڈر میں بیٹنگ کا بوجھ نائب کپتان بابر اعظم، سینئر بیٹسمین اسد شفیق اٹھائیں گے، دو وکٹ کیپرز کا انتخاب کیا گیا ،محمد رضوان اور سرفراز میں سے سابق کپتان پہلا میچ میں پویلین میں بیٹھ کر دیکھیں گے۔
فواد عالم بھی 16 رکنی سکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں، ٹیم میں دو سپنرز کو رکھا گیا ہے، یاسر شاہ کیساتھ شاداب کو بھی میدان میں اُتارے جانے کا امکان ہے جبکہ کاشف بھٹی کھلاڑیوں کو پانی پلانے کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
فاسٹ باؤلرز میں محمد عباس، نسیم شاہ، شاہین شاہ، سہیل خان جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
دوسری طرف قومی ٹیم انگلینڈ میں پہلے ووسٹر شائر اور پھر ڈربی میں پریکٹس کے بعد مانچسٹر میں ٹریننگ میں حریف ٹیم کے خلاف سخت محنت کی، تین میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ پاکستانی وقت کے مطابق کل تین بجے شروع ہو گا۔
گزشتہ روز مانچسٹر میں ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قومی کوچ مصباح الحق نے کہا تھا کہ موسم یا پچ سے ضمانت نہیں دے سکتے کہ جیتیں گے، اچھی کرکٹ کھیل کر ہی جیت کی ضمانت دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انگلینڈ کی بولنگ اچھی ہے تاہم بیٹنگ مشکلات سے دوچار ہے، ہمارے جتنے بھی بیٹسمین ہیں ان کو 100 فیصد پرفارمنس دینی ہو گی۔