مانچسٹر: (دنیا نیوز) قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف اب تک ٹیم نے جو تیاری کی ہے اس سے مطمئن ہوں، سیریز میں اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔ کپتان بننے کے بعد بابر اعظم کی پرفارمنس مزید بہتری آئی ہے۔
مانچسٹر میں ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کوچ مصباح الحق نے کہا کہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی سیریز کا بھی اچھی طرح جائزہ لیا، موسم یا پچ سے ضمانت نہیں دے سکتے کہ جیتیں گے، اچھی کرکٹ کھیل کر ہی جیت کی ضمانت دی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جتنے بھی بیٹسمین ہیں ان کو 100 فیصد پرفارمنس دینی ہو گی، بیٹسمین کے ذہن میں یہ ہو گا کہ مجھے ہر صورت اسکور کرنا ہے تو نہیں کرپائے گا۔ کپتان بننے کے بعد بابر اعظم کی پرفارمنس مزید بہتر ہوئی ہے، اچھی ٹیم سے جیتنا ہے تو چیلنجز تو سامنے ہوتے ہیں، تینوں شعبوں میں اچھا کریں گے تو ہی انگلینڈ کو ہراسکتے ہیں۔
مصباح الحق کا مزید کہنا تھا کہ انگلینڈ کی بولنگ اچھی ہے، بیٹنگ ان کی مشکلات سے دوچار ہے، انٹرا اسکواڈ میچز کی پرفارمنس بہت اہمیت کی حامل ہے، سہیل خان بہت اچھی بولنگ کر رہے ہیں، یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ انگلینڈ کے لیے کونسا کمبی نیشن اچھا ہوسکتا ہے، بولرز کی وسیم اکرم کے ساتھ بات چیت ہوتی رہتی ہے، یونس خان کی آمد سے فائدہ ہورہا ہے، وہ جانتے ہیں پلیئرز کو کیسے تیار کرنا ہے۔