لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ملازمین کی جانب سے قوانین کی خلاف ورزیاں کی جانے لگیں۔
ناردن کرکٹ ایسوسی ایشن رجسٹرڈ کراتے ہوئے پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر صدر بن گئے جب کہ چیف ایگزیکٹو وسیم خان نائب صدر کی حیثیت سے ایسوسی ایشن کاحصہ بن گئے۔
دوسری جانب ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان اور ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی ایسوسی ایشن کے ممبرز ہیں۔
سلمان نصیر، وسیم خان، ذاکر خان اور سمیع الحسن برنی کی مستقل رہائش اسلام آباد، راولپنڈی میں نہیں ہے۔
وسیم خان ناردرن ایسوشی کے عہدیدار نہیں بلکہ فاونڈنگ ممبر ہیں: ترجمان پی سی بی
ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناردرن ایسوسی ایشن نے ماڈل آئین پر ابھی عمل درآمد نہیں کیا، صوبائی ایسوسی ایشنز کو سوسائٹی ایکٹ کے تحت رجسٹر ہونا ہے۔
پی سی بی ترجمان کے مطابق ناردرن ایسوسی ایشن کی باڈی سوسائٹی ایکٹ میں رجسٹریشن کے لیے بنائی گئی، سلمان نصیر، وسیم خان اور دیگر ناردرن ایسوشی کے عہدیداران نہیں بلکہ فاونڈنگ ممبران ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ فاؤنڈنگ ممبرز بننے کے لیے پی سی بی کے عہدیداروں پر کوئی پابندی نہیں ہے، باڈی رجسٹر ہونےکے بعد منتخب عہدیداران ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کرکٹ ایسوسی ایشنز کو رجسٹر کرانے کے لیے پی سی بی نے عبوری انتظامات کیے، کرکٹ ایسوسی ایشنز کے معاملات منتخب عہدیداران ہی سنبھالیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) آئین کی شق 12.1 کے مطابق بورڈ کا رکن اور ملازم ایسوسی ایشن میں شامل نہیں ہوسکتا۔