پی سی بی کی ٹاپ مینجمنٹ میں بھی دوہری شہریت رکھنے والوں کا انکشاف

Last Updated On 30 July,2020 11:16 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چار مرکزی عہدیدار برطانوی شہریت رکھتے ہیں جبکہ باؤلنگ کوچ آسٹریلوی شہریت کے حامل نکلے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان انگلینڈ کی شہریت رکھتے ہیں۔ احسان مانی کی تنخواہ تقریباً تین ملین پاکستانی روپیہ ہے۔

چیف ایگزیکٹو وسیم خان کی تنخواہ اور مراعات بھی تیس لاکھ سے زائد ہیں۔ سابق سپنر ثقلین مشتاق بھی برطانوی شہریت کے حامل ہیں۔ ثقلین مشتاق کو پی سی بی کی جانب سے ہیڈ آف انٹرنیشنل پلئیر ڈویلپمنٹ مقرر کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ پاکستان ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس نے آسٹریلوی شہریت حاصل کی ہوئی ہے۔ وہ فیملی سمیت آسٹریلیا میں رہتے ہیں جبکہ حال میں ہی ان کی تقرری کی گئی۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق ندیم خان بھی برطانوی شہریت کے حامل ہیں۔ ان کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ نے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر مقرر کیا ہے۔