لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے دوران گراؤنڈ سٹاف کی انتھک محنت کو سراہتے ہوئے ان کے لیے مالی انعام کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطاقب لاہور، کراچی، راولپنڈی اور ملتان کے سٹیڈیمز کے گراؤنڈ سٹاف میں شامل 63 افرادپر مشتمل عملے کو احسن انداز میں ذمہ داریاں نبھانے پر بونس دینے کا اعلان کیا ہے۔
ان 63 افراد کو ماہ اگست میں ان کی تنخواہ کا 50 فیصد اضافی حصہ انہیں بطور بونس دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پی سی بی نے ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے گراؤنڈ سٹاف کے عملے میں شامل 5 افرادکے لیے 10 ہزار روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔
رواں سال پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں کروا کے تاریخ رقم کی تھی تاہم کووڈ 19 کی وباء کے سبب ایونٹ کے پلے آف میچز اور فائنل ملتوی کرنے پڑے تھے۔
گراؤنڈ سٹاف کے ان 68 رکنی عملے کی انتھک محنت کی بدولت شائقین کرکٹ کو پی ایس ایل کے دوران اعلیٰ معیار کے کرکٹ مقابلے دیکھنے کو ملے۔ گراؤنڈ سٹاف کی جانب سےمعیاری پچز اور آؤٹ فیلڈ کی شاندار تیاری کے سبب ملک کے چاروں سنٹرز پر شائقین کرکٹ کی حاضری مجموعی طور پر 87 فیصد رہی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ اگرچہ کرکٹ میچز کو خوشگوار انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں گراؤنڈ اسٹاف کا کردار انتہائی اہم ہے مگر پھر بھی یہ ایسی ملازمت ہے جس کی ستائش نہیں کی جاتی، لہٰذا یہ بہت ضروری ہے کہ ان کے کام کو سراہاجائے اور انہیں اس کا انعام بھی دیاجائے۔
سی او او پی سی بی نے کہا کہ ہمارے گراؤنڈ سٹاف نے خراب موسم کا سامنے کرنے کے باوجود رواں سال کے آغاز میں پی ایس ایل کے دوران شاندار اور مثالی کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس عملے نے اپنی سخت محنت اور لگن کی بدولت شاندار پچز اور آؤٹ فیلڈ تیار کیں جس کی بدولت شائقین کرکٹ کو ایونٹ کے دوران بہترین ٹی ٹونٹی کرکٹ دیکھنے کو ملی۔
سلمان نصیر نے مزید کہا کہ ایک طویل عرصے بعد ہم اپنی تمام تر کرکٹ ملک میں واپس لانے کی کوشش کررہے ہیں اور جس انداز سے ہمارا گراؤنڈ سٹاف کام کررہا ہے، اس سے پرستاروں کو آئندہ بھی کرکٹ کے شاندار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔