کورونا ٹیسٹنگ پالیسی، کرکٹرز اور آفیشلز کے تحفظات

Published On 14 September,2020 08:41 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) ڈومیسٹک کرکٹ سیزن شروع ہونے سے قبل پی سی بی کی کورونا ٹیسٹنگ پالیسی پر متعدد کھلاڑیوں اور آفیشلز نے تحفظات ظاہر کر دیئے۔

واضح رہے کہ پی سی بی نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ سے پہلے تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کوویڈ ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا آغاز آج سے ہوگا۔
ذرائع کے مطابق نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کی خاطر بائیو سکیور ماحول میں جانے کیلئے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے دو کوویڈ ٹیسٹ منفی آنا ضروری ہیں لہٰذا انہیں اپنے شہروں میں انفرادی طور پر پہلا کوویڈ ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے جس کی رپورٹس مینجمنٹ کو بھیجی جائیں گی۔

انہیں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ ابتدائی ٹیسٹ کے اخراجات کا انتظام خود کریں تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ انہیں آئندہ پی سی بی کے ذریعے رقم کی ادائیگی ہوگی یا نہیں۔

دوسری جانب ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی صوبائی ٹیموں کے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ مکمل ہوگئے جس کے بعد 20 ستمبر سے تمام ٹیموں کے ٹریننگ کیمپس لگائے جانے کا امکان ہے۔
 

Advertisement