لاہور: (دنیا نیوز) لیگی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا، 3 روز سے شدید بخار ہے، انہیں ہسپتال منتقل کیا جائے۔ جیل حکام کا کہنا ہے کہ حمزہ کے کورونا ٹیسٹ کی حتمی رپورٹ نہیں ملی.
ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے ٹویٹر پیغام میں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حمزہ شہباز کے علاج کی تمام قانونی ذمہ داریاں پوری کی جائیں، لاپرواہی سے صحت خطرے سے دوچار ہو سکتی ہے۔
جیل حکام کا کہنا ہے کہ کوٹ لکھپت جیل میں حمزہ شہباز کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی حتمی رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔ جونہی جیل حکام کو رپورٹ موصول ہو گی حمزہ شہباز کو قرنطینہ کر دیا جائے گا، نیب کے ملزم پہلے بھی بی کلاس میں رہتے ہیں۔
جیل حکام کے مطابق حمزہ شہباز جیل سے روٹین میں عدالتو ں میں پیشی کے لیے جاتے رہے ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ انہیں جیل کی بجائے عدالتی احاطے میں کورونا وائرس نے متاثر کیا ہو۔ حمزہ شہباز کا کھانا بھی گھر سے آتا ہے۔ جونہی حمزہ شہباز کو دوبارہ بخار کی شکایت ہوئی تو قرنطینہ کر دیا جائے گا، ہسپتال بھی منتقل کیا جا سکتا ہے۔
جیل ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز نے گذشتہ روز اپنی فیملی کے ساتھ بھی وقت گزارا، ممکنہ طور پر ان کے خاندان والوں کا کورونا ٹیسٹ کروایا جائے گا۔ حمزہ شہباز کو ہفتہ وار ملاقات میں ان کے والد شہباز شریف بھی ملنے آئے جو ان کو گلے بھی ملے۔