مصباح اور اظہر علی نے اجازت کے بغیر وزیراعظم سے ملاقات کی: چیئرمین پی سی بی

Published On 30 September,2020 03:42 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چئیرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا ہے کہ مصباح اور اظہر علی نے اجازت کے بغیر وزیراعظم سے ملاقات کی، اس پر پی سی بی مختلف امور کا جائزہ لے رہا ہے۔ پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو اپنایا جا رہا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں احسان مانی کا کہنا تھا کہ دس سال کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کھلاڑی آ رہے ہیں، سری لنکا، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش کے کھلاڑیوں کا آنا خوش آئند ہے، زمبابوے کے آنے سے کرکٹ کے نئے دروازے کھلیں گے۔ پی ایس ایل میں ساڑھے چار سو کھلاڑیوں نے بولی میں حصہ لیا۔ بیالیس انٹرنیشنل کھلاڑی پی ایس ایل میں کھیلے تھے۔

انہوں نے کہا کہ مصباح الحق اور اظہر علی پی سی بی کی اجازت کے بغیر وزیراعظم سے ملے تھے، یہ اقدام پی سی بی کے قوانین کی خلاف ورزی ہے، پی سی بی اس معاملے کو دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی سے بلیک میل نہیں ہوتے، ماضی میں کرکٹ کے ماہرین زور اور زبردستی عہدے لیتے رہے ہوں گے اب یہ سلسلہ نہیں ہے۔