لاہور: (ویب ڈیسک) نیشنل ٹی 20 میں شریک تمام ٹیموں کے کپتان نے ٹرافی تھامنے کے عزم کا اظہار کر دیا۔
ناردرن کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم ایونٹ کی دفاعی چیمپئن ہےاورعماد وسیم کی عدم موجودگی میں اِس ٹیم کی قیادت کرنا ان کے لیے اعزاز ہے۔
نوجوان آلراؤنڈر نے کہا کہ حیدر علی اور ذیشان ملک کے علاوہ ناردرن کا تقریباََ پرانا اسکواڈ ہی برقرار ہے، انہیں ہر کھلاڑی سے بہترین کارکردگی کی امید ہے۔
گزشتہ سال ایونٹ کی فائنلسٹ ٹیم بلوچستان کے کپتان حارث سہیل کا کہنا ہے کہ وہ اس ایونٹ کے لیے بہت پرجوش ہیں اور اس مرتبہ وہ ایونٹ کی رنرزاپ ٹیم کی بجائے فاتح کہلانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایڈیشن میں بلوچستان کرکٹ ٹیم نے متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، اس سال بھی ان کے سکواڈ میں اچھے باؤلر اور بہترین بیٹسمین موجود ہیں۔
سندھ کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ٹی ٹونٹی فارمیٹ بہت مشکل ہے، یہاںہمیں بہت جلد فیصلے کرنے ہوتے ہیں۔ اس فارمیٹ میں آپ کسی ایک کھلاڑی پر بھروسہ کرکے میدان میں نہیں اترسکتے مگر ہماری ٹیم میں ایسے کھلاڑی ہیں جو یکطرفہ طور پر میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ شرجیل خان کی صلاحیتوں سے کسی کو انکار نہیں اور ان سے ایونٹ میں شاندار کارکردگی کی امید ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا کل سے آغاز، پہلا میچ ناردرن اور خیبر پختونخوا کے درمیان شیڈول
خیبرپختونخوا کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ جارحانہ حکمت عملی ہی ہماری ٹیم کی پہچان اور اسی سوچ کے ساتھ ہم نیشنل ٹی ٹونٹی کپ 2020 میں شرکت کررہے ہیں، خوش آئند عمل ہے کہ ایونٹ میں شریک تمام ٹیمیں بہترین ہیں لیکن ہماری ٹیم ٹورنامنٹ جیتنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ ایونٹ میں ہر ٹیم دو مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آئے گی لہٰذا ضروری ہے کہ ہماری ٹیم ایونٹ میں اپنی بہتر کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھے کیونکہ ڈبل لیگ پر مشتمل اس ایونٹ میں جو ٹیم لیٹ موممنٹم حاصل کرتی ہے وہ حیران کن نتائج دےسکتی ہے۔
شان مسعود نے کہا کہ بلاشبہ ہمارے پاس بڑے نام نہیں ہیں مگر ہماری ٹیم میں ایسے سینئر اور جونیئر کھلاڑی ہیں جو ایک دوسرے کو مکمل اسپورٹ کرکے بہترین کارکردگی دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
سعد نسیم نے کہا کہ بلاشبہ گزشتہ سال سنٹرل پنجاب کی کارکردگی متاثر کن نہیں تھی تاہم اس مرتبہ اسکواڈ میں نئے کھلاڑیوں خصوصاَ انڈر 19 کے ٹاپ پرفارمرز کی شمولیت کی وجہ سے بہتر کارکردگی کی امید ہے۔ سنٹرل پنجاب کے موجودہ سکواڈ میں بہترین آلراؤنڈرز سمیت سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا ایک اچھا کمبی نیشن ہے۔
سنٹرل پنجاب کے نائب کپتان کا کہنا ہے کہ کامران اکمل اور عابد علی جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں سمیت نسیم شاہ ، رضوان حسین اور قاسم اکرم سے بھی ایونٹ میں بہتر کارکردگی کی امید ہے۔