لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے 2011ء میں ورلڈکپ سیمی فائنل میچ ہارنے کا ذمہ دار مصباح الحق کو قرار دیدیا۔
ایک انٹرویو کے دوران پاکستانی آل راؤنڈر اور سابق کرکٹ کپتان نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مضباح الحق نے بھارت کے خلاف ورلڈ کپ 2011ء کے سیمی فائنل میں جیتنے کا سنہری موقع ضائع کیا تھا ۔ اس میچ میں بھارت نے 29 رنز سے کامیابی حاصل کی اور یونس خان (32 گیندوں پر 13 رنز ) اور مصباح الحق (76 گیندوں پر 56 رنز) نے کیریز پر سیٹل ہونے میں کچھ زیادہ ہی وقت لیا تھا اور سٹرائیک کو روٹیٹ کرنے میں بھی ناکام رہے تھے ۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ یہ ایک بہت اچھا موقع تھا جس سے فائدہ اٹھانے میں پاکستانی ٹیم محروم رہی۔ بہت سے لوگ کہتے ہیں کہ مصباح نے انتہائی سست رفتار اننگز کھیلی لیکن یہی مصباح کی نیچر ہے،وہ کریز پر کافی ٹائم گزارتا ہے اور کوشش کرتا ہے کہ میچ کو آخری اوورز تک لے کر جائے تاہم اس دن اسے زیادہ بہتر طریقے سے سٹرائیک روٹیٹ کرنی چاہیئے تھی ۔
یاد رہے کہ 40 سالہ شاہد خان آفریدی جو بوم بوم کے نام سے مشہور ہیں ، نے 2009ء سے 2011ء کے درمیان قومی ٹیم کی کپتانی کے فرائض سرانجام دیئے تھے اور 2017ء میں انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر آباد کہا۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سابق آنجہانی کوچ باب وولمر کامیاب رہے کیونکہ وہ سیاست نہیں کرتے تھے ،انہیں ہر کھلاڑی کی خوبیوں اور خامیوں کا علم تھا اور جب بھی کوئی کھلاڑی پرفارم نہیں کرتا تھا تو وہ اس کی حمایت میں کھڑے ہوجاتے تھے ۔