پی ایس ایل فرنچائزز کی جانب سے دائر پٹیشن مسترد کی جائے: پی سی بی

Published On 25 September,2020 04:52 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے وکلاء 6 فرنچائزز کی جانب سے دائر کی گئ پٹیشن پر جسٹس ساجد محمودسیٹھی کے روبرو پیش ہوئے۔

اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے وکیل تفضل رضوی نے پٹیشن پر اعتراض اٹھاتے ہوئےمعزز عدالت کو آگاہ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے رواں ہفتے 2 مختلف مواقع پر پاکستان سپر لیگ کی تمام فرنچائززکو نیک نیتی کے ساتھ فنانشل ماڈل پر شکایات کا ازالہ کرنے کے لیے بات چیت کی دعوت دی۔

تفضل رضوی نے معزز عدالت کو یہ بھی بتایا کہ معاہدے کے مطابق پی سی بی اور فرنچائزز کے درمیان کسی بھی معاملے کو حل کرنے کا موزوں فورم آربیٹیریشن کا آغاز ہے، لہٰذا فرنچائزز کی جانب سے دائر کی گئی یہ پٹیشن مسترد کی جانی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل: فرنچائزز نے بورڈ کیخلاف عدالت سے رجوع کر لیا

معزز عدالت کی ہدایت کے مطابق پی سی بی اپنا تحریری بیان سماعت کی اگلی تاریخ 30 ستمبربروز بدھ کو جمع کرائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی اپنے پارٹنرز کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے تاہم اس معاملے پراسے مایوسی اور حیرانی ہوئی ہے کہ فنانشل ماڈل پر بات چیت کی پیشکش کے باوجود فرنچائزز نے معزز عدالت سے رجوع کرلیا۔ پی سی بی معزز عدالت میں اٹھائے گئے تمام اعتراضات کو دور کرنےاور تمام فریقین کے لیے قابل عمل حل کا منتظر ہے۔