یونس کا مستقبل میں بھی بورڈ سے منسلک رہنے کا امکان

Published On 23 September,2020 03:56 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) یونس خان کا مستقبل میں بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ منسلک رہنے کا امکان ہے، پی سی بی میں سابق کپتان یونس خان کو مستقبل میں بھی سسٹم کا حصہ برقرار رکھنے پر اتفاق ہوا ہے ۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یونس خان کی خدمات سے مستقبل میں بھی استفادہ کیا جائے گا۔ سابق کپتان یونس خان کہاں اور کس رول میں خدمات انجام دیں گے اس کی تفصیلات طے کی جارہی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ سابق کپتان یونس خان جلد پی سی بی چیف ایگزیکٹو وسیم خان سے ملاقات کریں گے ۔یہ ملاقات گزشتہ ہفتے شیڈول تھی تاہم وسیم خان کی لاہور میں عدم موجودگی اور مصروفیات کے باعث یہ ملاقات نہ ہوسکی۔

رپورٹ کے مطابق آئندہ ہفتے اس ملاقات کا امکان ہے جس کے بعد یونس خان کے رول کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ کے علاوہ ایج گروپ ٹیموں کیلئے یونس خان کی خدمات لی جائیں گی۔