لاہور: (روزنامہ دنیا) نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کا آغاز 30 ستمبر سے ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ہو رہا ہے جس میں شرکت کرنے والی چھ ڈو میسٹک ٹیموں کی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا ہے، ان چھ ٹیموں میں شامل انگلینڈ کا دورہ کرنے والے قومی کرکٹر کے کورونا وائرس ٹیسٹ 22 ستمبر کو ہونگے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں شریک چھ صوبائی ایسوسی ایشنز کی ٹیموں کے کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا جبکہ ایونٹ کا آغاز 30 ستمبر سے ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا۔ وسطی پنجاب، خیبر پختونخوا، ناردرن ایریا اور جنوبی پنجاب کی ٹیمیں پہلے سے ملتان میں موجود ہیں جبکہ سندھ اور بلوچستان کی ٹیمیں آج ملتان پہنچ جائیں گی، جن کھلاڑیوں کے ٹیسٹ منفی آئیں گے صرف وہ ہی ملتان پہنچیں گے، ٹیمیں کل سے 2 وینیوز پر ٹریننگ کا باقاعدہ آغاز کر دی گی۔
دوسری جانب دورہ انگلینڈ سے واپس آنے والے کھلاڑیوں کے ٹیسٹ 22 ستمبر کو ہوں گے اور وہ 25 ستمبر کو نیشنل ٹی 20 کپ میں اپنی اپنی ٹیموں کو جوائن کرسکیں گے۔ ذرائع کے مطابق ایونٹ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔