کراچی: (دنیا نیوز) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کہا کہ میٹرو پولیٹن سٹی کہلانے والے شہر کے مسائل بڑھتے جارہے ہیں۔
شاہد آفریدی فاؤنڈیشن (ایس اے ایف) کے زیر اہتمام منگوپیر روڈ کے وانگی گوٹھ میں واقع سکول میں تقریب کے بعد بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ یہ سکول شاہد آفریدی فاؤنڈیشن (ایس اے ایف) کے زیر اہتمام کراچی میں رفاہی بنیادوں پر چلنے والے 8 سکولوں میں سے ایک ہے، 8 سکول گرین کریسنٹ ٹرسٹ (جی سی ٹی) کے تعاون سے چلائے جارہے ہیں۔
آفریدی نے سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میٹرو پولیٹن سٹی کہلانے والے شہر کراچی کے مسائل روز بروز بڑھتے چلے جارہے ہیں، جس تیزی سے شہر کا حجم بڑھ رہا ہے اسی تیزی سے انفراسٹرکچر اور تعلیمی نظام بھی تباہ ہورہا ہے، المیہ یہ ہے کہ کوئی کراچی کو کوئی اپنا نہیں سمجھتا ، کراچی کو اون کرنے والا کوئی نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی کے حالات پر اب چپ رہنا مجرمانہ خاموشی ، شاہد آفریدی
سابق کپتان نے کہا کہ سندھ میں تعلیمی نظام کا یہ حال ہے کہ جنھیں ایپل اور بس کی اسپیلنگ نہیں آتی وہ بھی استاد بنے ہوئے ہیں، سندھ حکومت نے گاریگروں کو بھی استاد بنادیا ہے۔
انہوں نے اپیل کی کہ سندھ میں نادار گھرانوں کے بچوں میں خواندگی کے فروغ کے لیے فلاحی اداروں کی مشترکہ رفاہی مہم کا بھرپور ساتھ دیا جائے۔