سلیکشن پر اعتراض: عرفان جونیئر نے کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا

Published On 19 September,2020 10:20 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) جنوبی پنجاب کے فاسٹ باؤلر محمد عرفان جونیئر نے نیشنل ٹی 20 کپ کی ٹیموں کیلئے سلیکشن میں من پسند افراد کو نوازے جانے کا الزام لگا دیا اور دلبرداشتہ ہوکر کرکٹ کو ہمیشہ کیلئے خیرباد کہنے کا اعلان بھی کر دیا۔

بتایا گیا ہے کہ محمد عرفان جونیئر نے ہرطرز کی کرکٹ چھوڑ نے کا فیصلہ کرتے ہوئے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کھیلنے سے انکار کر دیا۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے اپنے اس فیصلے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔

محمد عرفان جونیئر کا کہنا ہے کہ میری فرسٹ الیون میں جگہ بنتی تھی، سلیکٹرز نے من مانی کر کے اپنے لڑکوں کو شامل کیا، میں نے پی ایس ایل میں بھی پرفارمنس دی، گزشتہ سیزن میں بھی میری پرفارمنس شاندار رہی لیکن مجھے سیکنڈ الیون میں پھینک دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد عرفان جونیئر نے جنوبی پنجاب کے کوچ عبدالرحمن کو فرسٹ الیون میں جگہ دینے کی درخواست کی تھی لیکن انہوں نے ان کی بات نہیں مانی۔

6 فٹ 6 انچ قد کے 25 سالہ فاسٹ باؤلر کا کہنا ہے کہ آئندہ کرکٹ نہیں کھیلوں گا، پی ایس ایل فرنچائز نے ٹیم میں شامل کرنا ہوا تو اس کے بارے میں سوچوں گا، کھیتی باڑی اور کھیلوں کے سامان کی دکان سے گزارا کرلوں گا، پی سی بی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلاؤں گا۔