امید ہے قومی ٹیم دورہ نیوزی لینڈ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی: ذاکر خان

Published On 29 September,2020 04:42 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دورہ نیوزی لینڈمیں ہمیشہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ کیویز کرکٹ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے والا ملک ہے، جہاں سپورٹ کرنے والے شائقین بستے ہیں، امید ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اس مرتبہ بھی دورہ نیوزی لینڈ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

ذاکر خان نے کہا کہ پاکستان کے لیے یہ سیریز انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس کے بعد پاکستان کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں صرف جنوبی افریقہ کے خلاف ہی ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں، پرامید ہیں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ایونٹ کا اختتام شاندار انداز سے کرئے گئی جو اسے ٹیسٹ کرکٹ کی ایک مضبوط ٹیم بن کر سامنے لائے گا۔

نیوزی لینڈکرکٹ کے چیف ایگزیکٹوڈیوڈ ڈائٹ کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرکے ہمیشہ خوشی ہوئی ہے اورانہیں یقین ہے کہ اس مرتبہ بھی مداحوں کو ان دونوں ممالک کے درمیان ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی سیریز کا انتظارہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک، نیوزی لینڈ ٹی ٹونٹی اور ٹیسٹ میچز سیریز کا 18 دسمبر سے آغاز

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 1965 سے نیوزی لینڈ کا دورہ کررہی ہے اور اس دوران ماجد خان، حنیف محمد، ظہیر عباس، جاوید میانداد،عمران خان، وسیم اکرم اور وقار یونس جیسے ستارے اس سرزمین پر ایکشن میں نظر آچکے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ رواں سال بھی نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے والے پاکستان کے اسکواڈ میں بہت باصلاحیت اور قابل کھلاڑی شامل ہوں گے۔

سال 1965 سے اب تک نیوزی لینڈ کُل 13 ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کی میزبانی کرچکا ہے۔

پاکستان کا سکواڈ 23 نومبر کو لاہور سے نیوزی لینڈ روانہ ہوگا۔ قومی سکواڈاپنے 14 روزہ قرنطینہ کی مدت لنکولن میں مکمل کرے گا۔ اس دوران سکواڈ کو بائیو سیکیور ببل میں رہنا ہوگا جبکہ وہ کسی کرکٹ سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔چودہ روزہ قرنطینہ کے بعد یہ ببل ختم ہوجائے گا۔ نیوزی لینڈ کے لیے اڑان بھرنے سے قبل قومی کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کے کووڈ 19 ٹیسٹ لاہور میں لیے جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی سینئر ٹیم کے ساتھ پاکستان شاہینز کو بھی نیوزی لینڈ کے دورہ پر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ٹیم کے کھلاڑیوں، سپورٹ سٹاف اور سیریز کے شیڈول کا اعلان مناسب وقت پر کردیا جائے گا۔