نیشنل ٹی ٹونٹی: دانش عزیز کی جارحانہ بیٹنگ، سندھ نے سینٹرل پنجاب کو پچھاڑ دیا

Published On 10 October,2020 10:59 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) راولپنڈی میں ہونے والے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے دوسرے مرحلے کے دوران 18 ویں میچ میں دانش عزیز کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت سندھ نے سینٹرل پنجاب سے فتح چھین لی۔ دانش عزیز مرد میدان قرار پائے۔

تفصیلات کے مطابق سینٹرل پنجاب نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 170 رنز بنائے، کپتان بابر اعظم نے مسلسل دوسرے میچ میں ففٹی سکور بنائی اور 86 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، دیگر کھلاڑیوں میں کامران اکمل 1، عبد اللہ شفیق16، فہیم اشرف 0، رضوان حسین 23، سعد نسیم 7، قاسم اکرم 16، ظفر گوہر 12 رنزبنا کر آؤٹ ہوئے، سہیل خان نے تین شکار کیے۔

ہدف کے تعاقب میں سندھ کی ٹیم کو آغازمیں ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب سندھ کے 4 بیٹسمین جلد پویلین لوٹ گئے، تاہم اس کے بعد دانش عزیز نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے حریف باؤلرز کو بے بس کیے رکھا، اس دوران اعظم خان نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی۔

اعظم خان32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، حسان خان نے 15 گیندوں پر 36 سکور کی باری کھیلی، انور علی 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، دانش عزیز نے 59 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، سندھ نے ہدف آخری اوورز میں حاصل کیا۔ سینٹرل پنجاب کی طرف سے وقاص مقصود نے تین، احسان عادل اور ظفر گوہر نے دو دو شکار کیے۔