ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ سٹار سلمان خان نے سری لنکن پریمیئر لیگ کی ٹیم خریدی ہے جس میں انہوں نے پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کو شامل کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان سری لنکن پریمیئر لیگ کی اہم ٹیم کینڈی ٹسکرز کو خرید لیا ہے۔ اس ٹیم میں جہاں دنیائے کرکٹ میں اپنی جارحانہ باؤلنگ کی وجہ سے مشہور کرس گیل کو شامل کیا گیا ہے تو وہیں ہر بلے باز پر اپنی باؤلنگ کی دھاک بٹھانے والے پاکستانی فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کو بھی کھلایا جا رہا ہے۔
کینڈی ٹسکرز کی ٹیم سلمان خان کے بھائی سہیل خان کے نام سے رجسٹرڈ کی گئی ہے۔ خیال رہے کہ سری لنکن پریمیئر لیگ ٹورنامنٹ آئندہ ماہ شروع ہوگا۔
سہیل خان کا اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان کی کمپنی نے اس لیگ میں کافی صلاحیت دیکھی ہے۔ سلمان خان خود اپنی ٹیم کے سبھی میچ دیکھنے کیلئے سری لنکا جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ہماری ٹیم میں جس طرح کے کھلاڑی ہیں اور فینس کا جنون جس طرح کا ہے، وہ سب سے اوپر ہے اور ہمیں ان میں کافی صلاحیت نظر آتی ہے۔
سہیل خان نے بتایا کہ وہ کرس گیل کو اپنی ٹیم سے کھیلتے دیکھنے کیلئے کافی پرجوش ہیں ۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گیل یونیورس باس ہیں لیکن وہاں کے لوکل آئیکن کھلاڑی کسل پریرا ہیں۔
سہیل خان کی کینڈی فرنچائزی ٹیم میں لیام پلنکیٹ، وہاب ریاض، کسل مینڈس اور نوان پردیپ جیسے کھلاڑی بھی ہیں۔ سہیل کے مطابق ان کی کینڈی ٹیم میں تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا شاندار امتزاج ہے۔