لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ٹی ٹونٹی سیریز ٹرافی کی تقریب رونمائی آج ہو گی، کل سے دونوں ٹیمیں چھوٹے فارمیٹ کے بڑے مقابلے میں اِن ایکشن ہوں گی۔ بولنگ کوچ وقار یونس نے کہا بے جا تنقید کرنے والوں کو کوئی جواب نہیں دیں گے اور حسن علی کا شاندار کم بیک بہت زبردست ہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان اور جنوبی افریقی ٹی20 ٹیموں کی پریکٹس شیڈول، نیٹ پریکٹس کے بعد فیلڈنگ اور فزیکل ٹریننگ ہو گی۔ ٹی 20 سیریز کی لشکارے مارتی ٹرافی کی تقریب رونمائی بھی آج ہو گی، کپتانوں سمیت کھلاڑیوں کے دل للچائے گی۔
بولنگ کوچ وقار یونس کہتے ہیں کہ بے جا تنقید کرنے والوں کو کوئی جواب نہیں دیں گے، حسن علی کے شاندار کم بیک کو مثالی قرار دیا۔ گیارہ فروری کو چھوٹے فارمیٹ کا پہلا بڑا مقابلہ ہو گا، زندہ دلان کے شہر لاہور میں پھر کرکٹ کی بہار، چھکے چوکے اور وکٹیں لگاتار اڑیں گی۔ کاؤنٹ ڈاؤن شروع اور کرکٹ دیوانے بےقرار ہو گئے۔
دونوں ٹیمیں شام چھ بجے مدمقابل ہوں گی، خالی اسٹیڈیم میں شاندار پرفارمنسز کی گونج پڑے گی۔ ایک روز آرام یعنی ہفتہ اور اتوار کو اگلے دو ٹی 20 میچ کھیلے جائیں گے۔