لاہور : (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 میں ایک روزہ آرام کے بعد 4 ٹیمیں کل مدمقابل ہوں گی، سرفہرست لاہور قلندرز کا نمبر پانچ ملتان سلطانز سے میچ ہو گا، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان جوڑ پڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق روشنیوں کے شہر میں کرکٹرز کی جگمگ جگمگ، پی ایس ایل 6میں ایک روزہ آرام کے بعد کھلاڑی اِن ایکشن ہونگے۔ 26 فروری کو دو میچ شیڈول ہیں، جمعہ کے باعث پہلا مقابلہ دن تین بجے ہو گا۔
کپتان ملتان سلطانز محمد رضوان نے کم بیک کرنے وِننگ ٹریک پر آنے کا عزم ظاہر کرتےہوئے کہا ہے کہ تمام خامیاں اور ناکامیاں بھلا کر اِن ایکشن ہوں گے۔
دن کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیموں میں جوڑ پڑے گا، دونوں ٹیمیں رات آٹھ بجے میدان میں اتریں گی
اب تک کھیلے گئے چھ میچز میں لاہور قلندرز نے خوب دما دم مست کیا، لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹ سے پچھاڑا، پھر پشار زلمی کو 4 وکٹ کی شکست دے کر 4 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد 5 وکٹ سے ہرایا، اس سے پہلے ملتان سلطانز کو 3 وکٹ کی شکست سے دوچار کیا، دو فتوحات کے ساتھ دو بار کی چیمپئن ریڈ شرٹس کے بھی 4 پوائنٹس ہیں، دوسری پوزیشن پر قبضہ ہے۔ تیسرے نمبر پر میزبان ٹیم کراچی کنگز ہے۔
نیلی جرسی نے ایونٹ کے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 7 وکٹ سے ہرایا جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ سے انہیں 5 وکٹ کی شکست ہوئی، پشاور زلمی کے بھی دوہی پوائنٹس ہیں، پیلی شرٹس کو واحد کامیابی ملتان سلطانز کے خلاف چھ وکٹ سے ملی۔
ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اپنے دونوں میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، ملتان سلطانز پانچویں جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چھٹے اور آخری نمبر پر ہیں۔