پی ایس ایل 6: پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی

Published On 27 February,2021 07:17 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021ء کے دسویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔

119 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی طرف سے اننگز کا آغاز کامران اکمل اور امام الحق نے کیا، پہلے ہی اوور میں زلمی کو نقصان اٹھانا پڑا جب صفر پر امام الحق حسن علی کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

ایونٹ میں مسلسل ناکام رہنے والے کامران اکمل ایک مرتبہ پھر جلد آؤٹ ہو گئے، 3 رنز پر محمد وسیم نے انہیں پویلین بھیج دیا۔ تاہم اس دوران ٹام کڈمور اور آل راؤنڈر شعیب ملک نے وکٹ کے چاروں اطراف زبردست شارٹس کھیلے۔ دونوں کے درمیان 65گیندوں پر 63 رنز کے پارٹنر شپ بنی۔ اس پارٹنر شپ کا اختتام فواد احمد نے کیا، ٹام کڈمور 46 رنز بنا کر سپنر کا شکار بن گئے۔حیدر علی کی 36 رنز پر اننگز کا خاتمہ حسن علی نے کیا۔

پشاور زلمی نے ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ شعیب ملک 29 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ حسن علی نے دو، محمد وسیم اور فواد احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے دسویں میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو بیٹنگ دعوت دی۔

 اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے اننگز کا آغاز پاؤل سٹرلنگ اور ایلکس ہیلز نے کیا۔ تاہم سٹرلنگ بدقسمت رہے اور پہلے ہی اوور میں وہاب ریاض کی گیند پر 1 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔ فل سالٹ 9 سکور بنا کر ہمت ہار بیٹھے۔ ثاقب محمود نے وکٹ اُڑائی۔

فہیم اشرف 2 سکور بنا کر پویلین لوٹے۔ عمید آصف نے وکٹ حاصل کی۔ شاداب خان 5 گیندوں پر 6 سکور بنا کررن آؤٹ ہوئے۔ ایلکس ہیلز 41 رنز بنا کر ثاقب محمود کی گیند پر ڈیپ وکٹ پر موجود امام الحق کو کیچ تھما بیٹھے۔ حسین طلعت 22 رنز بنا کر مجیب الرحمان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

دیگر بیٹسمینوں میں افتخار احمد 7، آصف علی 19 ، حسن علی7، محمد وسیم ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 118 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ کپتان وہاب ریاض نے 4 اور ثاقب محمود نے تین شکار کیے۔

پشاور زلمی سکواڈ:

کامران اکمل، امام الحق، ٹام کڈمور، حیدر علی، شعیب ملک، ردرفورڈ، وہاب ریاض، مجیب الرحمان، ثاقب محمود، محمد عمران، عمید آصف

اسلام آباد یونائیٹڈ سکواڈ:

فل سالٹ، ایلکس ہیلز، پاؤل سٹرلنگ، شاداب خان (کپتان)، فہیم اشرف، افتخار احمد، حسین طلعت، آصف علی، حسن علی، فواد احمد، محمد وسیم

Advertisement