نیشنل ہائی پرفارمنس کیمپ کا انعقاد اچھا اقدام ہے، فاسٹ باؤلر محمد عباس

Published On 07 March,2021 04:45 pm

کراچی: (دنیا نیوز) قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عباس نے کہا ہے کہ نیشنل ہائی پرفارمنس کیمپ کا انعقاد پی سی بی کا اچھا اقدام ہے، آف سیزن میں ٹریننگ سے اپنی خامیوں پر قابو پانے کا موقع ملتا ہے۔

محمد عباس کا دنیا نیوز سے گفتگو میں کہنا تھا کہ اس کیمپ میں اپنی باؤلنگ اور فٹنس دونوں میں بہتری لانے کی کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فاسٹ باؤلنگ کا بہت ٹیلنٹ موجود ہے۔

قومی فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں نئے فاسٹ باؤلرز نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ان کھلاڑیوں کے لیے یہ کیمپ مفید ثابت ہوگا۔

خیال رہے کہ محمد عباس کا تعلق سیالکوٹ سے ہے۔ 10 مارچ 1990ء کو پیدا ہونے والے اس نوجوان فاسٹ باؤلر نے اب تک اپنی کارکردگی سے سب کو متاثر کیا ہے۔

محمد عباس نے 2017ء میں ویسٹ انڈیز کیخلاف اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔ وہ اب تک 23 ٹیسٹ میچوں میں 84 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ ون ڈے میچوں کی بات کی جائے تو انھیں اس فارمیٹ میں اپنی صلاحیتیں دکھانے کا زیادہ موقع نہیں مل سکا ہے۔ محمد عباس نے ابھی تک 3 ون ڈے میچ کھیلے جن میں وہ صرف ایک وکٹ ہی حاصل کر سکے ہیں۔