ولنگٹن: (دنیا نیوز) انگلینڈ کی خواتین ٹیم نے نیوزی لینڈ ویمن کو تیسرے اور آخری ٹی 20 بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 32 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 0-3 سے کلین سویپ کرلی ہے۔
میزبان ٹیم 129رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ فاتح ٹیم نے پہلے کھیل کر مقررہ 20اوورز میں 128رنز بناکر نیوزی لینڈ کی ویمن ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 129 رنز کا ہدف دیا ، جس کے جواب میں میزبان خواتین ٹیم 96رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ انگلینڈ کی کیتھرین برنٹ کو میچ جبکہ ٹمی بیومونٹ کو سیریز کی بہتری کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اتوار کو ویسٹ پیک سٹیڈیم ،ویلنگٹن میں کھیلے گئے تین ٹی -20میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم کی کپتان صوفی ڈیوائن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
انگلینڈ ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 128رنز بنا کر نیوزی لینڈ کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 129رنز کا ہدف دیا۔ انگلینڈ کی فران ویلسن نےناقابل شکست 31 اور صوفیہ ڈنکلے 26رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔نیوزی لینڈ ویمن ٹیم کی طرف سے کپتان صوفی ڈیوائن نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
جواب میں انگلینڈ کی بائولرز کی عمدہ بائولنگ کے باعث میزبان ٹیم ان کے سامنے بے بس نظر آئی اور اس کی چار کھلاڑی کھاتہ کھولنے میں ہی ناکام رہیں اور ان سمیٹ 7کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکیں۔یوں نیوزی لینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے کی کوشش میں 18 ویں اوور میں 96 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
ایمی سٹرتھویٹ نے 25 اور میڈی گرین نے 20 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میڈی ویلیئرزنے تین جبکہ کیتھرین برنٹ اور ایکلیسٹون نے دو، دو کھلاڑیوں کوآئوٹ کیا۔ اس کامیابی کے بعد انگلینڈ کی ٹیم نے میزبان ویمن ٹیم کو تین میچوں کی سیریز میں 0-3 سے کلین سویپ کر دیا۔
اس سے قبل کھیلی گئی تین ون ڈے میچوں کی سیریز بھی انگلینڈ کی خواتین ٹیم نے 1-2 سے جیتی تھی۔انگلینڈ کی کیتھرین برنٹ کو میچ جبکہ ٹمی بیومونٹ کو سیریز کی بہتری کھلاڑی قرار دیا گیا۔