جنوبی افریقا کیخلاف ون ڈے سیریز میں سرفراز احمد کو موقع دیئے جانے کا امکان

Published On 31 March,2021 05:21 pm

لاہور: (ویب ڈیسک)جنوبی افریقا کیخلاف سیریز کے دوران سابق کپتان سرفراز احمد کی پلینگ الیون میں شمولیت کا امکان ہے، توقع ہے کہ وہ پانچویں نمبر پر بیٹنگ کریں۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کیلئے جوہانسبرگ پہنچ چکی ہے اور تمام کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ بھی منفی آ چکے ہیں جس کے بعد اب سیریز میں صرف چند روز باقی ہیں تاہم اب خبر موصول ہو رہی ہے کہ ون ڈے سیریز میں قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کو بھی کھلائے جانے کا امکان ہے۔

جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں وکٹ کیپر محمد رضوان کو بطور بیٹسمین کھلائے جانے کا امکان ہے جبکہ ان کی جگہ وکٹ کیپنگ کی ذمہ داریاں سرفراز احمد کو دی جا سکتی ہیں۔ذرائع کے مطابق سرفراز احمد کے ٹیم میں کھیلنے کی صورت میں حیدر علی یا آصف علی میں سے کسی ایک کو ڈراپ کیا جا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ایک روزہ سیریز کا آغاز 2 اپریل سے ہو گا جبکہ دوسرا میچ 4 اور آخری ایک روزہ میچ 7 اپریل کو کھیلا جائے گا۔ون ڈے سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 4 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جائے گی۔

 

 

Advertisement