پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ زمبابوے کا شیڈول جاری کردیا گیا

Published On 29 March,2021 05:25 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ زمبابوے کا شیڈول جاری کردیا گیا ، عالمی وبا کے دنوں میں پاکستان دنیا کی وہ پہلی مینز کرکٹ ٹیم ہوگی جو زمبابوےکا دورہ کرے گی۔ دونوں ٹیموں کے مابین تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 21 اپریل سے ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق 23،21 اور 25 اپریل کو 3 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے بعددونوں ٹیمیں 29 اپریل سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں مدمقابل آئیں گی، یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب دونوں ٹیمیں 2013 کے بعد زمبابوے میں طویل طرز کی کرکٹ میں مدمقابل آئیں گی، سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 7 سے 11 مئی تک کھیلا جائےگا، دونوں ممالک کے مابین شیڈول اس سیریز کے تمام میچز ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلے جائیں گے۔

سیریز میں شامل تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے جبکہ ٹیسٹ میچز دوپہر 12:30 بجے شروع ہوں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم اس وقت تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کی غرض سے جنوبی افریقا میں موجود ہے، جہاں سےوہ 17 اپریل کو زمبابوے روانہ ہوجائے گی۔پاکستان اور زمبابوے کے درمیان اب تک کھیلے گئے تمام 14 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز پاکستان نے جیتے جب کہ 17 ٹیسٹ میچز میں سے 10 پاکستان نے جیتے، چار ڈرا ہوئے جبکہ تین زمبابوے نے جیتے۔
 

Advertisement