ٹی ٹونٹی سیریز: نیوزی لینڈ نے بنگلا دیش کو وائٹ واش کر دیا

Published On 01 April,2021 07:49 pm

آکلینڈ: (ویب ڈیسک):نیوزی لینڈ نے تیسرے اور آخری ٹی۔ 20 انٹرنیشنل میچ میں بنگلہ دیش کو 65 رنز سے شکست دے کر ون ڈے کے بعد ٹی ۔20 سیریز میں بھی کوائٹ واش کر دیا۔ بارش کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان کھیل 10، 10 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ بنگلہ دیش کی ٹیم 142 رنز کے تعاقب میں 76 رنز بنا سکی۔ فن ایلن نے 71 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا ، عمدہ کارکردگی پر ان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

آکلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیش کے کپتان لٹن داس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔ خراب موسم کے باعث میچ 10،10 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ نیوزی لینڈ نے 10اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے ۔ فن ایلن نے 29 گیندوں پر دھواں دار اننگز کھیلتے ہوئے 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 71 رنز بنائے، مارٹن گپٹل نے 19 گیندوں پر 5 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 44رنز بنائے۔ تسکین احمد، شرفل اسلام اور مہدی حسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

جواب میں کیوی بائولر کی عمدہ بائولنگ کے باعث بنگلہ دیشی ٹیم بالکل بے بس نظر آئی اور142 رنز ہدف کے تعاقب میں 9.3 اوورز میں 76 رنز پر ڈھیر ہوگئی ، اس کے 8 کھلاڑی دوہراہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔ محمد نعیم نے 19 رنز بنائے۔

ٹوڈایسٹل نے چار، ٹم سائوتھی نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ کیوی ٹیم نے مہمان بنگلہ دیشی ٹیم کو نہ صرف میچ میں 65 رنز سے شکست دی بلکہ ون ڈے کے بعد ٹی ۔20 سیریز میں بھی کلین سویپ کر دیا۔ فن ایلن میچ جبکہ گلین فلپس کوسیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
 

Advertisement