باؤلنگ اٹیک ناتجربہ کار، مجھے اور عامر کو افادیت ثابت کرنے کی ضرورت نہیں: وہاب

Published On 27 April,2021 04:42 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے کہا ہے کہ پاکستان کے موجودہ باؤلنگ اٹیک پر نظر ڈالیں تو تجربے کی کمی ہے تاہم میں اور محمد عامر تجربہ کار ہیں اور پرفارمنس دکھا چکے ہیں۔ ہمیں کسی پر اپنی افادیت ثابت کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

 

وہاب ریاض نے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ صرف ایک سیریز کی بنیاد پر قومی ٹیم سے باہر نکالے جانے کے طریقہ کار سے مایوس تھا۔ وہ سلیکٹرز کی پسندیدہ فہرست میں شامل نہیں ہوسکتے ہیں۔

 

ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ مجھ سے ایمانداری سے پوچھتے ہیں تو میں نیوزی لینڈ کے خلاف صرف ایک ہی بری سیریز کے بعد ڈراپ ہونے پر مایوس ہوا، زمبابوے کے خلاف، انگلینڈ میں اور اس سے پہلے بھی ہوم سیریز میں ٹاپ پرفارمر تھا۔

وہاب نے زور دیتے ہوئے کہا کہ باؤلنگ اٹیک تشکیل دیتے وقت تجربے اور نوجوان خون کا امتزاج ضروری ہے۔ اگر آپ پاکستان کے موجودہ بائولنگ اٹیک پر نظر ڈالیں تو اس میں تجربے کی کمی ہے تاہم میں اور محمد عامر تجربہ کار ہیں اور پرفارمنس دکھا چکے ہیں۔ ہمیں کسی پر اپنی افادیت ثابت کرنے کی ضرورت نہیں ہے ، یہ سلیکٹرز پر منحصر ہے کہ وہ ہمیں شامل کرنا چاہتے ہیں یا نہیں۔

فاسٹ باؤلر نے کہا کہ چیف سلیکٹر محمد وسیم کے ذریعے بتایا جارہا ہے کہ میری باؤلنگ فارم اچھی نہیں ہے، میں اس پر کام کر رہا ہوں اور آپ کو بہتری نظر آئے گی۔ 2021ء میں انگلینڈ کے خلاف شیڈول ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے قومی ٹیم میں واپسی کے لیے پراعتماد ہوں۔