کراچی: (دنیا نیوز) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ بیٹسمین انضمام الحق دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران ٹیسٹ کم کر کے دو ٹی ٹونٹی بڑھنے پر نالاں ہو گئے۔
اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ کو اہمیت نہ دینے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پر تنقیدی نشتر چلاتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پیسہ زیادہ ملتا ہے، کھلاڑی پیسہ کے پیچھے جانے لگیں گے تو مشکل ہو جائے گا۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے ویسٹ انڈیز میں ایک ٹیسٹ ختم کرکے ٹی ٹوینٹی میچ بڑھا دیا ، اس فیصلے سے کرکٹرز کو بھی کنٹرول کرنا مشکل ہو جائے گا، جنوبی افریقہ کھلاڑی قومی ڈیوٹی چھوڑ کر لیگ کھیلنے گئے جو غلط تھا۔
انضمام الحق نے کہا کہ کہتے ہیں کہ محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر منٹ کیوں لی اس کا فوکس ٹی ٹونٹی سمیت لیگز کھیل رہا ہے۔ اسی طرح وہاب ریاض کا معاملہ بھی سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہاب ریاض کے بارے میں بھی کہا گیا کہ وہ ٹیسٹ کی بجائے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کھیلنا چاہتا ہے۔ بورڈ کی طرف سے ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ کم کر کے 2 ٹی ٹونٹی کو بڑھانے پر پلیئرز کا فوکس ٹیسٹ کی بجائے ٹی ٹونٹی اور ون ڈے پر ہو گا۔ اگر ٹیسٹ چھوڑ کر ٹی ٹونٹی کھیلنے کی بات پلیئر کرے تو کہا جاتا ہے یہ ٹھیک نہیں۔