محمد عامر پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا موقع نہ ملنے پر افسردہ

Published On 11 May,2021 05:10 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر نے کہا ہے کہ پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا موقع نہیں ملا جس کا افسوس ہے۔

انٹرویو میں بائیں بازو کے تیز گیند باز کا کہنا تھا کہ انھیں اب بھی فخر ہے کہ کئی دھچکوں کے باوجود انہوں نے ملک کے لئے 36 ٹیسٹ کھیلے۔ تکلیف ہوتی ہے کہ میں نے اپنے آبائی ملک میں کبھی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا لیکن اس کے پیچھے کچھ وجوہات ہیں، جب میں نے بین الاقوامی کرکٹ کھیلنا شروع کیا تو پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا جارہا تھا اور اس کے بعد میں نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔

عامر نے کہا کہ اس کے باوجود مجھے فخر ہے کہ میں نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک یا دو بار نہیں بلکہ 36 بار پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر قسمت نے مجھ پر احسان کیا ہوتا کہ جب میں بین الاقوامی کرکٹ کھیل رہا تھا تو پاکستان ہوم سیریز کھیلتا تو یہ میرے لئے ایک بہت بڑا اعزاز اور بہت خاص ہوتا لیکن میرے لئے سب سے اہم بات یہ ہے کہ میں نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے ملک کی نمائندگی کی ہے۔

انہوں نے ان افواہوں کو بھی رد کردیا کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کے بارے میں کوئی منصوبہ رکھتے ہیں۔ میں نے ہمیشہ ہر ایک کی رائے اور خیالات کا احترام کیا ہے۔ میرے فیصلے میں خود غرضی نہیں تھی اور کچھ ایسی چیزیں ہوئیں جن کے بارے میں آپ کو ایک اہم فیصلہ کرنے سے پہلے سوچنا پڑتا ہے۔

سابق فاسٹ باؤلر نے کہا کہ اس وقت میرا بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کا کوئی امکان نہیں ہے لیکن اگر حالات بہتر ہوتے ہیں تو پھر کون جانتا ہے کہ شاید آپ مجھے مستقبل میں ایک بار پھر پاکستان کے لئے کھیلتے ہوئے دیکھیں گے۔
 

Advertisement