پی سی بی کا کرکٹرز کیلئے پیرنٹل سپورٹ پالیسی کا اجراء

Published On 05 May,2021 11:33 am

لاہور:(روزنامہ دنیا)پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹرز کیلئے پیرنٹل سپورٹ پالیسی کا اجراء کردیا ہے جس کے تحت بچوں کی پیدائش پر قومی کھلاڑیوں کو تنخواہ کے ساتھ چھٹیاں بھی دی جائیں گی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کے مطابق کرکٹرز کا خیال رکھنا پی سی بی کا فرض ہے جس کے تحت یہ دوستانہ پالیسی متعارف کرائی گئی ہے جس کے باعث پہلے سے زیادہ خواتین کرکٹرز کھیل کی طرف راغب ہوں گی۔پی سی بی کے پریس ریلیز کے مطابق پیشہ ور کھلاڑیوں کیلئے جاری کردہ اس پالیسی کا اطلاق مرد اور خواتین کھلاڑیوں پر ہوگا جو بالترتیب بچے کی پیدائش یا حمل کے دوران اس سہولت سے مستفید ہو سکیں گے ۔خواتین کرکٹرز اپنی خواہش کے مطابق زچگی کی چھٹیوں کے آغاز سے بچے کی پیدائش تک نان پلیئنگ رول اختیار کر سکیں گی جن کو تنخواہ کے ساتھ بارہ ماہ کی رخصت اور کنٹریکٹ کی مدت میں ایک سالہ توسیع کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی اور زچگی کی چھٹیوں کے اختتام پر مذکورہ کرکٹر کو کھیل کی سرگرمیوں میں دوبارہ شامل کرلیا جائے گا جبکہ پوسٹ چائلڈ ری ہیب پروگرام کے حوالے سے بھی انہیں مناسب طبی معاونت فراہم کی جائے گی۔

اسی طرح اگر کسی ویمن کرکٹر کو کرکٹ کی سرگرمی کے حوالے سے سفر درپیش ہوتا ہے تو اسے اپنے نوزائیدہ کی دیکھ بھال کیلئے من پسند شخصیت کو دوران سفر ساتھ رکھنے کی آزادی ہوگی البتہ اس حوالے سے تمام اخراجات پی سی بی اور متعلقہ کرکٹر میں برابری سے تقسیم ہوں گے ۔مرد کھلاڑیوں کو بھی بچے کی پیدائش پر مکمل تنخواہ کے ساتھ 30 روزہ رخصت کا اختیار حاصل ہوگا جو بچے کی پیدائش کے 56 روز کے اندر حاصل کرنی ہوگی۔
 

Advertisement