لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے بقیہ میچز یو اے ای منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اب تک ٹورنامنٹ میں 14 میچز کھیلے جا چکے ہیں جس کے بعد اس وقت کراچی کنگز اور پشاور زلمی پانچ پانچ میچ کھیلنے کے بعد چھ پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور دوسرے نمبر پر ہے۔ جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے بھی چار چار میچ کھیلنے کے بعد چھ چھ پوائنٹس ہیں اور ان کی بالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کا آغاز 20 فروری کو کراچی سے ہوا تھا اور ابھی کراچی میں میں منعقد ہونے والے میچ ہی جاری تھے کہ چار مارچ کو ٹورنامنٹ میں شامل سات کھلاڑیوں اور عملے کے اراکین میں کورونا کی تشخیص کے بعد ٹورنامنٹ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: این سی او سی پاکستان سپر لیگ میچز ملک میں کرانے کے حق میں نہیں: ذرائع
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بقیہ میچز کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایونٹ کو یو اے ای منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، پی سی بی اور فرنچائز مالکان کے ورچوئل اجلاس میں فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے لیگ کے لیے امارات کرکٹ بورڈ کو خط لکھ دیا۔ لیگ کے لیے مجوزہ تاریخوں میں سٹیڈیمز اورہوٹلز کی دستیابی کے بارے درخواست کی ہے۔ لیگ کے میچز کے لیے دبئی اور ابو ظہبی کے مقامات زیر غور آئے۔
ذرائع کے مطابق دونوں میں سے دستیاب وینیو پر لیگ کے بقیہ میچز کرائے جائیں گے۔ فرنچائز اور پی سی بی کے اجلاس میں لیگ کے لاجسٹک معاملات پر غور کیا گیا۔ فرنچائز نے لیگ بروقت کروانے کے مشکل فیصلے میں بورڈ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی۔