لاہور: (دنیا نیوز) پی ایس ایل میچز سے پہلے کورونا مقابلہ شروع ہو گیا، ٹیسٹ مثبت آنے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل راؤنڈر انور علی بھی آؤٹ ہو گئے۔ ٹیمیں لاہور اور کراچی سے بدھ کی صبح چارٹڈ فلائٹ سے ابوظہبی پہنچیں گی۔
تفصیل کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ پی ایس ایل میچز انعقاد سے پہلے ہی سنسنی خیز ہو چکے ہیں۔ وبائی وائرس نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پھر شکار کر لیا ہے۔ آل راؤنڈر انور علی بھی ٹیسٹ مثبت آنے پر آؤٹ ہو گئے ہیں، وہ ٹیم کے ساتھ ابوظہبی روانہ نہیں ہو سکیں گے۔
پیر کو لیے گئے ٹیسٹ کی مثبت رپورٹ پر کرکٹر کو کراچی ہوٹل میں الگ منزل پر قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کورونا وائرس کی وجہ سے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نمائندگی سے بھی محروم ہو چکی ہے۔ نوجوان باؤلر نے ضابطے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی پرانی رپورٹ جمع کرا دی تھی۔
ادھر کورونا کے خطرات میں بچتے بچاتے کھلاڑی اور آفیشلز بدھ کو لاہور اور کراچی سے صبح ساڑھے آٹھ بجے سے چارٹڈ فلائٹ کے ذریعے ابوظہبی پہنچیں گے۔ میزبان شہر میں قرنطینہ کرنے اور کوویڈ کی منفی رپورٹس کے ساتھ کھلاڑی اِن ایکشن ہوں گے۔