ابوظہبی: (دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر کھیلے جا رہے پی ایس ایل کے اٹھائیسویں میچ میں ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر مدمقابل ٹیم ملتان سلطانز کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ ملتان سلطانز کی جانب سے شان مسعود اور کپتان محمد رضوان میدان میں اترے لیکن پہلے بیٹنگ کرنے کا چانس ضائع کر دیا۔
شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے واپس پویلین لوٹے جبکہ محمد رضوان صرف 15 رن ہی بنا سکے۔ اس کے بعد میدان میں آنے والے کھلاڑی صہیب مقصود نے اپنی ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے شاندار بلے بازی کی اور سکور کو آگے بڑھاتے ہوئے شائقین کی میچ میں دلچسپی کو برقرار رکھا۔
صہیب مقصود نے 40 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 60 رنز کی شاندار اننگز اپنے نام کی۔ ان کے علاوہ رائلی روسو 29 جبکہ سہیل تنویر 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ تاہم کوئی اور بلے باز خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔
لاہور قلندرز کے نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے بہترین گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جیمز فولکنر کے حصے میں دو جبکہ حارث رؤف، احمد دانیال اور راشد خان کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔