ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021ء کا فائنل پاکستان اور انڈیا کے مابین ہوگا: شعیب اختر

Published On 23 July,2021 08:08 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا جس میں پاکستان فتح حاصل کرے گا۔

بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے کہا کہ اس سال ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا اور اس فائنل میں پاکستان اپنے روایتی حریف کو شکست سے دوچار کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ یو اے ای کی کنڈیشنز پاکستان اور بھارت دونوں ٹیموں کو فیور کرتی ہیں۔ مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان کا ورلڈ کپ میچز میں بھارت سے نہ جیتنے کا ریکارڈ اس سال نومبر میں متحدہ عرب امارات میں تبدیل ہو جائے گا اور پاکستان بھارت کو شکست دے کر فاتح کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔

واضح رہے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ بھارت سے عرب امارات منتقل کر دیا گیا ہے جو 17 اکتوبر سے 14 نومبر کے درمیان کھیلا جائے گا جس میں 16 ٹیمیں شرکت کریں گی۔

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت ایک ہی گروپ میں شامل ہیں۔ بھارت کو پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے تمام میچوں میں کوئی شکست نہیں ہوئی ہے۔

 

Advertisement