چگورماس: (دنیا نیوز) قومی شاہینوں نے بابائے کرکٹ انگلینڈ کے بعد جزیروں کے دیس ویسٹ انڈیز میں ڈیرہ لگا لیا، کورونا امتحان پاس کرنے والے تمام کھلاڑی کل سے اِن ایکشن ہوں گے، ٹریننگ سیشن میں بیٹنگ، بولنگ، خاص طور پر فیلڈنگ اور فزیکل فٹنس پر توجہ دی جائے گی۔
کرکٹ کا موسم عروج پر، انگلینڈ کے بعد دورہ ویسٹ انڈیز شروع ہو گیا۔ قومی شاہینوں کو انگلش سرزمین پر ون ڈے اور ٹی 20 سیریز میں شکست ہوئی۔ کراچی سے اڑان بھرنے والے اظہر علی، فواد عالم، محمد عباس سمیت کھلاڑیوں نے بھی کیمپ جوائن کر لیا۔
کوویڈ ٹیسٹنگ مرحلہ مکمل، امتحان پاس کرنے والے کھلاڑی 23 جولائی سے باضابطہ ٹریننگ شروع کریں گے، کوچ مصباح الحق اور وقار یونس کی نگرانی میں بیٹنگ ، بولنگ اور فیلڈنگ سیشنز ہوں گے جن میں فزیکل فٹنس پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز شیڈول ہے، چھوٹے فارمیٹ کے بڑے مقابلے 27 جولائی سے شروع ہوں گے، طویل دورانیے کی کرکٹ کا امتحان کا آغاز 12 اگست سے جمیکا میں ہو گا۔