سکھر میں طوفانی بارش سے تباہی، چھتیں اور دیواریں گرنے سے متعدد افراد زخمی

Published On 22 July,2021 11:29 am

سکھر: (دنیا نیوز) سکھر میں گذشتہ شب ہونے والی طوفانی بارش نے تباہی مچا دی، کئی علاقوں میں چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

سکھر، روہڑی اور گردونواح میں گذشتہ رات گئے تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، تیزہواؤں کے ساتھ ہونے والی طوفانی بارشوں کے باعث پرانا سکھر، روہڑی اور سکھر شہر کے مختلف علاقوں میں چھتیں اور دیواریں گرنے کے متعدد واقعات میں کئی افراد جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں زخمی ہوگئے جبکہ تیزہواؤں کی وجہ سے کئی علاقوں میں سائن بورڈز، درخت اور بجلی کے کھمبے اور ٹرانسفارمرز تک زمین بوس ہو گئے اور بجلی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا جو کئی گھنٹے گذر جانے کے باوجود بحال نہیں ہو سکا۔

متعدد علاقوں میں بجلی کی سپلائی بدستور معطل ہے جبکہ طوفانی بارش کے بعد سے نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہے جسے نکالنے کا کام بھی جاری ہے۔ بلدیہ حکام کے مطابق آئندہ ایک سے دو گھنٹے میں نشیبی علاقوں سے پانی نکال لیا جائے گا۔
 

Advertisement