کراچی: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا ہے صوبائی حکومت کی جانب سے سندھ میں سرکاری نوکریوں کی بندر بانٹ جاری ہے اور پیپلز پارٹی نے سرکاری نوکریوں کی لوٹ سیل لگائی ہوئی ہے جس کے خلاف ہم عدالت میں جائیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ مرتضیٰ وہاب نے بلٹ پروف گاڑی رکھی ہوئی ہے، وہ مسترد شدہ ہیں، مرتضیٰ وہاب کی بطور ایڈمنسٹریٹر کراچی تعیناتی نہیں ہونے دیں گے،سیاسی ایڈمنسٹریٹرزتعینات نہیں ہونے چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں صحت کانظام نہ ہونے کے برابرہے،وزیرا علیٰ صرف ویکسی نیشن سنٹر پر جا کر تصویریں بناتے ہیں، صوبائی حکومت کے پاس ویکسین اور ایمبولینس خریدنے کے لئے پیسے نہیں ہیں جبکہ حکومت نئی گاڑیاں خرید رہی ہیں،ویکسین لگانے والوں کو تنخواہیں نہیں دی جا رہی ہے۔ سندھ سے چوری کیا گیا پیسہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں استعمال کیا جا رہا ہے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ میں صورتحال کافی خراب ہوچکی ہے،سیاسی طور پر ہمیں ٹارگٹ کرلیا گیا ہے،ہمار ا مرتضیٰ جتوئی سے رابطہ ہوا لیکن کھانے کی دعوت روکنے کے لئے پولیس بھجوادی گئی۔