پاکستان اور افغانستان کے درمیان ون ڈے سیریز ملتوی، پی سی بی کی تصدیق

Published On 23 August,2021 11:10 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والی کرکٹ سیریز کو ملتوی کر دیا گیا۔ پاکستان کرکٹ بور نے تصدیق کر دی۔

یاد رہے کہ پاکستان اورافغانستان کی ون ڈے سیریز سری لنکا میں کھیلی جانے تھی، اس سیریز کے دوران گرین شرٹس نے افغانستان کی میزبانی میں سیریز کھیلنی تھی۔ سیریز میں دونوں ٹیموں کے درمیان 3 سے 9 ستمبر تک 3 میچوں کی ون ڈے سیریز کھیلے جانی تھی۔

اس سے قبل ترجمان افغان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ افغانستان کی میزبان میں ہونے والی سیریز سری لنکا کی بجائے اب پاکستان میں ہو گی۔ سری لنکامیں لاک ڈاؤن کےباعث سیریزمنتقل ہوئی، افغانستان کے 14 کھلاڑیوں کو پہلے ہی پاکستان کے ویزے جاری ہو چکے ہیں، سیریز کی میزبانی افغانستان کرے گا۔

کرک انفو نے بتایا تھا کہ افغانستان کرکٹ ٹیم رواں ہفتے پاکستان پہنچے گی اور میچز کن میدانوں میں ہو گا اس کا اعلان افغانستان کرکٹ بورڈ کرے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے افغانستان کو پیشکش کی تھی اس سیریز کی میزبانی افغانستان ہی کرے اور یہ سیریز متحدہ عرب امارات یا پاکستان میں کروائی جائے جس کے بعد افغان کرکٹ بورڈ نے یہ سیریز پاکستان میں کروانے کا اعلان کیا تھا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو حامد شنواری نے بتایا کہ ہم نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والی سیریز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کھلاڑیوں کی حالت اور ذہنی صحت کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ دونوں ممالک کے درمیان پہلی سیریز تھی جو دو طرفہ کھیلی جانے تھی، اس سے قبل دونوں ٹیمیں ورلڈکپ اور ایشیا کپ میں ایک دوسرے کیخلاف نبرد آزما ہو چکی ہیں۔

حامد شنواری نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور سری لنکن کرکٹ بورڈ نے سیریز کے معاملے پر ہمارے ساتھ تعاون کیا، لیکن موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے سیریز کا انعقاد ممکن نہیں۔

دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپر سیریز منسوخ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ افغان کرکٹ بورڈ کی درخواست منظور کر لی ہے، اور آئندہ ماہ ہونے والی سیریز کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔

پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ فیصلہ سکیورٹی ، کورونا لاک ڈاؤن اور لاجسٹکس مجبوریاں کے باعث کیا گیا، یہ سیریز اب آئندہ سال ہو گی۔ 

اس سے قبل خبریں سامنے آ رہی تھیں کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والی سیریز کے لیے قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں کو آرام دیئے جانے کا امکان ہے، قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم، وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان، فاسٹ باؤلرز شاہین شاہ آفریدی، حسن علی کو آرام کی غرض سے باہر بٹھایا جا سکتا ہے۔

پاکستان نے افغانستان کیخلاف سیریز کے بعد لمبی کرکٹ کھیلنی ہے جس کے لیے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو آرام دیا جا رہا ہے، نیوزی لینڈ، انگلینڈ کے خلاف سیریز اور ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں شرکت کے بعد قومی ٹیم نے متعدد سیریز کھیلنی ہے جس کے باعث سینئر پر ورک لوڈ کم کر کے نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا جا سکتا ہے۔

بابر اعظم کی غیر موجودگی میں شاداب خان ممکنہ طور پر قیادت کریں گے جبکہ وکٹ کیپر کے فرائض سرفراز احمد یا نوجوان وکٹ کیپر اعظم خان بھی کھیل سکتے ہیں۔

وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے بھی کہا ہے کہ ہم مسلسل کھیلتے ہوئے آ رہے ہیں، بائیو سکیور ببل میں حالات مشکل ہوتے ہیں یہ اتنا آسان نہیں ہوتا ہم مائنڈ کو ریسٹ دینا چاہتے ہیں اس لیے ہم نے آرام لینے کا کہا ہے۔ اس وقت ہمارا سارا فوکس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر ہے افغانستان کے خلاف یہ ون ڈے میچز کی سیریز ہے اس لیے ہم کچھ کھلاڑیوں نے آرام لینے کے لیے کہا ہے ۔ ہم ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے تازہ دم ہو کر واپس آئیں گے، بائیو سکیور ببل میں رہنے کے لیے آرام ضروری ہے، اس کے بعد آئندہ سیزن میں بھی بیک ٹو بیک کرکٹ ہے، اب کرکٹ مسلسل ہو رہی ہے اور کھلاڑیوں کو مسلسل بائیو سکیور ببل میں رہنا پڑ رہا ہے۔

Advertisement