راولپنڈی: (روزنامہ دنیا) دوہزار نو میں دورہ پاکستان کے دوران لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونے والے سابق سری لنکن بیٹسمین تھیلان سمارا ویرا نے 12سال بعد پاکستانی سرزمین پر قدم رکھ دیا تاہم اب وہ اپنی ٹیم کے بجائے نیوزی لینڈ کے بیٹنگ کوچ بن کر دورے پر آئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری فیصل آباد میں اس وقت سکور کی جب لوگ کہہ رہے تھے کہ وہ صرف سنہالیز کرکٹ گراؤنڈ پر ہی رنز کر سکتے ہیں، پاکستان میں دو ڈبل سنچریاں بھی بنائی اور پھر ٹانگ پر گولی لگ گئی۔ یہ حملہ دو یا تین منٹ کا ہوگا لیکن ایسا محسوس ہوا کہ 24 گھنٹے ہوگئے ہیں۔ گولی لگنے سے پاؤں کو حرکت دینے میں دشواری ہوئی اور ایسا لگا کہ وہ دوبارہ کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔
تھیلان سمارا ویرا نے بتایا کہ لاہور حملے کے صدمے پر قابو پانے میں ان کی اہلیہ اور بیٹی کو 18 ماہ لگے جبکہ وہ خود صحت یاب ہونے کے بعد 2013 ء تک قومی ٹیم کیلئے کھیلتے رہے۔