کیوی کرکٹرز پہلی بار پاکستانی سرزمین پر کھیلنے کے لئے پرجوش

Published On 11 September,2021 08:26 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا اٹھارہ سال بعد دورہ پاکستان جہاں شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے تو وہیں مہمان سکواڈ میں شامل کھلاڑی بھی پہلی مرتبہ پاکستانی سر زمین پر کرکٹ کھیلنے کیلئے پرجوش ہیں۔

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے آخری مرتبہ 2003 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین ٹام بلینڈل کا کہنا ہے کہ ہمارے سکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔ سنا ہے کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے، جہاں کرکٹ کھیلنے کے منتظر ہیں۔

ٹام بلینڈل نے کہا کہ پاکستان نے ایک طویل عرصہ اپنی ہوم کرکٹ بیرون ملک کھیلی جو بہت افسوسناک تھا تاہم اب انہیں ایک مرتبہ پھر اپنے ہوم گراؤنڈ میں کرکٹ کھیلنے کا موقع مل رہا ہے جو بہت خوش آئند ہے، خوشی ہے کہ پاکستان میں فینز کی موجودگی میں کرکٹ کھیلیں گے۔
بلیئر ٹکنر کا کہنا ہے کہ تمام کھلاڑی دورہ پاکستان کیلئے پرجوش ہیں۔ پاکستان دیکھنے کی خواہش ہے مگر فی الحال انہیں بائیو سکیور ببل میں رہنا پڑے گا جو کہ مایوس کن ہے۔ اگر اس سے نکلنے کا موقع ملا تو بہت خوشی ہوگی۔

ڈگ بریسویل کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کیلئے بہت پرجوش ہے۔ تمام لڑکے پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کا دورہ بنگلا دیش زیادہ اچھا نہیں رہا مگر وہ پاکستان میں بہتر کارکردگی کیلئے پر امید ہیں۔
 

Advertisement