وزیراعظم بھی ورلڈکپ سکواڈ کی سلیکشن سے ناخوش، تبدیلیوں کا امکان

Published On 27 September,2021 05:05 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان بھی ورلڈکپ سکواڈ کی سلیکشن سے ناخوش ہیں، ورلڈکپ سکواڈ میں دو سے زیادہ تبدیلیوں کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ چیف سلیکٹر محمد وسیم نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا تھا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے قومی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے، شاداب خان نائب کپتان ہوں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں آصف علی، اعظم خان، حارث رؤف، حسن علی، عماد وسیم، خوشدل شاہ، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی اور صہیب مقصود شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان بھی ورلڈکپ سکواڈ کی سلیکشن سے ناخوش ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے چئیرمین پی سی بی رمیز راجہ کو سکواڈ میں تبدیلی اور نظر ثانی کی ہدایت کردی ہے۔ رمیز راجہ نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے تک کا وقت مانگ لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ورلڈکپ سکواڈ میں دو سے زیادہ تبدیلیوں کا امکان ہے، اعظم خان، خوشدل شاہ، محمد نواز اور محمد حسنین کی شمولیت خطرے میں پڑگئی. نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے پہلے مرحلے میں ناقص کارکردگی کی وجہ سے اعظم خان، خوشدل شاہ اور صہیب مقصود کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق فخر زمان ،شرجیل خان، شعیب ملک، شاہنواد دھانی، سرفراز احمد اور عثمان قادر کے نام شمولیت کے لیے زیر غور ہیں، قومی ورلڈ کپ سکواڈ میں 10 اکتوبر تک تبدیلیاں کی جاسکتی ہیں۔

ذرائع کے مطابق نیشنل ٹی 20 کپ کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد رمیز راجہ سلیکشن کمیٹی اور کپتان سے مشاورت کرینگے، نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کا پہلا مرحلہ 3 اکتوبر کو ختم ہوگا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل دنیا نیوز کے پروگرام دنیا کامران خان کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجہ نے کہا تھا کہ ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو رکھا گیا ہے، ٹیم میں تبدیلی نہیں ہو سکتی، ایک دو کھلاڑیوں پر اختلاف ہو سکتا ہے، تاہم یہی کھلاڑی ورلڈکپ کھیلنے جائیں گے۔

Advertisement