پی سی بی نے پی ایس ایل فرنچائزز کو نئے فنانشل ماڈل کی پیشکش کردی

Published On 27 September,2021 08:04 pm

لاہور:(ویب ڈیسک)پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) فرنچائزز کو کرکٹ کے فروغ میں کردار ادا کرنے پر فنانشل ماڈل کی پیشکش کردی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی ایس ایل کی گورننگ کونسل کا اجلاس چیئرمین رمیز راجہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں پاکستان میں کرکٹ کے فروغ میں اپنا اہم کردار ادا کرنے پر پی سی بی نے چھ فرنچائزز کی معاونت کرنے کے لیے انہیں مندرجہ ذیل پیشکش کی ہیں۔

• پی ایس ایل 5 اور 6 کے لیےانہیں کوویڈ 19 ریلیف دینا۔
• ایل پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن سے بیسویں ایڈیشن تک سینٹرل پول آف ریونیو میں ان کے شیئر میں اضافہ کرنا۔
• ڈالر کا ایک ریٹ مقرر کرنا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ پی سی بی نے قانونی اور کنٹریکٹ کے تقاضوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے فرنچائزز کو ایک نئے فنانشل ماڈل کی پیشکش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ماڈل کا مقصد صرف فرنچائز کے خدشات دور کرکے ان کے ساتھ تعاون کرنا ہے، پی سی بی کو امید ہے کہ فرنچائزز پی ایس ایل کے برانڈ کو مستحکم کرنے کے لیے اس پیشکش کو قبول کریں گی۔

 

Advertisement