پی سی بی میں رہنے کا واحد طریقہ کارکردگی: رمیز راجہ کا صوبائی کوچز کو پیغام

Published On 02 October,2021 10:03 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) پی سی بی کے نئے چیئرمین رمیز راجہ نے صوبائی ٹیموں کے کوچز کو پیغام میں کہا ہے کہ جو اچھا کام کرے گا، وہ ہی رہے گا بصورت دیگر گھر جائیں۔ پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ نے صوبائی ٹیموں کے کوچز کی ڈانٹ ڈپٹ کے ساتھ کھری کھری سناتے ہوئے پرفارمنس میں بہتری کا واضح پیغام دے دیا۔

ذرائع کے مطابق ورچوئل اجلاس میں بورڈ سربراہ رمیز راجہ نے صوبائی ٹیموں کی کوچز کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا اور ٹیم سلیکشن میں کوچز کے کردار پر بھی سوال اٹھائے جب کہ مستقبل میں انہیں سلیکشن امور میں شامل نہ کرنے کے بارے میں بھی صاف صاف بتا دیا۔

چیئرمین کا مؤقف تھا کہ کھل کر کام کریں اور کھلاڑیوں سے بہتر پرفارمنس لینے کیلئے اپنی پلاننگ کا ازسر نو جائزہ لیں، پاکستان کرکٹ کو ٹھیک کرنے کیلئے بہت سی تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں لہذا سب کو ٹھیک ٹھیک کام کرنا پڑے گا۔

رمیز نے کوچز کو بتایا کہ پی سی بی میں رہنے کا واحد طریقہ کارکردگی ہوگی۔ رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ آپ کو یہاں رہنے کیلئے اپنی کارکردگی دکھانی ہوگی۔ آپ کو اپنی کاکردگی دکھانے کیلئے کھلی چھوٹ دی گئی ہے، پی سی بی جلد ہی اپنی سلیکشن پالیسی لے کر آئے گا، مستقبل قریب میں قومی ٹیم کے انتخاب میں آپ کا کوئی کردار نہیں ہوگا، وقت آنے پر چیزوں کو واضح کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق رمیز راجہ نے سلیکٹرز سے ملاقات میں کہا کہ سلیکشن اور کوچنگ میں آپکا عمل دخل اب شائد نا ہو، اب سب تبدیل ہونے لگا ہے، نئی سلیکشن کمیٹی بنائیں گے۔ رمیز راجہ کا کوچز اور سلیکٹرز کو واضح پیغام دیا کہ آپکی کوچنگ اور سلیکشن کی کارکردگی تسلی بخش نہیں جس سے آپکو مستقبل کا حصہ سمجھا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دو سے تین لوگوں کو سلیکشن کمیٹی میں شامل کیا جائے گا وہی ٹیم سلیکشن پر فیصلہ کریں گے۔ دوسری طرف اطلاعات کے مطابق کوچز بورڈ چیئرمین کے تحکمانہ انداز گفتگو پر خفا ہیں اور ایک کوچ نے تو سب کو ایک ساتھ مستعفیٰ ہونے کا بھی مشورہ دے دیا تھا جس پر باقی کوچز نے فوری طور پر ایسے جوابی ایکشن کی مخالفت کی ہے۔
 

Advertisement