نیشنل ٹی 20 کپ، سنٹرل پنجاب کا آج سدرن اور بلوچستان کا دفاعی چیمپئن خیبر پختونخوا سے ٹاکرا

Published On 07 October,2021 11:48 am

لاہور: (دنیا نیوز) نیشنل ٹی 20 کپ میں آج بھی دو میچ کھیلے جائیں گے، نمبر ون سنٹرل پنجاب کا سدرن اور کورونا کا شکار بلوچستان کا دفاعی چیمپئن خیبر پختونخوا سے ہو گا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کرکٹ کی رونقیں، نیشنل ٹی 20 کپ میں آج بھی دو میچ شیڈول ہیں۔ دن تین بجے پہلا میچ ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جمانے والی ٹیم سنٹرل پنجاب اور نمبر 6 سدرن پنجاب سے ہوگا۔ نجی مصروفیت کے باعث گذشتہ روز نمائندگی سے محروم کپتان بابر اعظم آج اِن ایکشن ہوں گے۔

دوسرے میچ میں دفاعی چیمپئن خیبر پختونخوا کا کورونا کا شکار بلوچستان سے ہو گا۔ عاکف جاوید، بسم اللہ خان اور خرم شہزاد سمیت چار کھلاڑیوں میں کوویڈ مثبت آنے سے انہیں دس روز کے لیے قرنطینہ کر دیا گیا تھا، آج کے میچ میں سیکنڈ الیون کے پلیئرز کے ساتھ ٹیم بلوچستان میدان میں اترے گی۔
شیڈول کے مطابق دن کا دوسرا میچ رات ساڑھے سات بجے ہی شروع ہو گا ۔

گذشتہ روز سندھ ٹیم کے 129 رنز کے ہدف کو سولہویں اوور میں پورا کر کے سنٹرل پنجاب نے سرفراز الیون کو ٹاپ پوزیشن سے محروم کر دیا تھا۔ دوسرے میچ میں سدرن پنجاب نے ناردرن کو 4 وکٹ سے ہرا کر ایونٹ میں پہلی جیت کا مزہ چکھ لیا۔ ناردرن کے 211 رنز، جواب میں سدرن پنجاب نےآخری اوور میں ہدف پورا کر لیا۔ آغا سلمان اڑسٹھ رنز کا فاتحانہ اننگز کے ساتھ پلیئر آف دی میچ قرار پائے، چار چوکوں اور پانچ چھکوں سے کرکٹ کا مزہ دوبالا ہو گیا۔
 

Advertisement